گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سنگھوئی کا نام راجہ غضنفر علی خان سے منسوب، تعلیمی خدمات کو خراج تحسین۔
جہلم (محمد وسیم وصی)گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سنگھوئی کا نام اب باضابطہ طور پر تبدیل کر کے ‘گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج راجہ غضنفر علی خان سنگھوئی’ رکھ دیا گیا ہے۔ یہ اہم قدم علاقہ جہلم سے تعلق رکھنے والے معروف سماجی شخصیت راجہ غضنفر علی خان کی شاندار تعلیمی و ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔کالج کی نام تبدیلی کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر صحت پنجاب، جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر اظہر کیانی نے اس اقدام کو سراہا اور زور دیا کہ علم کی روشنی پھیلانے والے افراد دنیا و آخرت کی کامیابی سمیٹ چکے ہیں۔ انہوں نے تمام اہلِ علاقہ کو پیغام دیا کہ ہمیں اپنی بچیوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ مرکوز کرنی چاہیے کیونکہ ایک پڑھی لکھی قوم ہی ترقی کی منازل طے کر سکتی ہے۔ ڈاکٹر اظہر کیانی نے طالبات کی سہولت کے لیے کالج کے لیے نئی بسوں کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے کا بھی اعلان کیا۔تقریب کے دوران دیگر اہم شخصیات نے بھی خطاب کیا اور تعلیم کی اہمیت اور راجہ غضنفر علی خان کی میراث پر روشنی ڈالی۔ کالج انتظامیہ کی جانب سے ان تمام سماجی شخصیات کو خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے کالج کی تعمیر و ترقی اور طالبات کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے میں اپنا بھرپور تعاون پیش کیا۔ ان نمایاں خدمات کے اعتراف میں اہم شخصیات اور معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں. تقریب میں سماجی شخصیات اور اہل علاقہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی.
